Saturday, 18 January 2014

ہم عشق کے خمار سے باہر نہیں گئے

ہم عشق کے خمار سے باہر نہیں گئے
 دھڑکن کے اضطرار سے باہر نہیں گئے
 تُو ہم سے پوچھتا ہے سمندر کا کیا بنا
 ہم تو تِرے دیار سے باہر نہیں گئے
 وہ لفظ لفظ لکھتا رہا، داستانِ دل
 ہم ہیں، کہ اختصار سے باہر نہیں گئے
 ہم کو گُلاب رُت سے ہو نسبت بھی کس طرح
ہم دل کے ریگزار سے باہر نہیں گئے
 اچھا تو اِس سے آگے جہاں اور بھی ہیں کیا
 ہم لوگ انتظار سے باہر نہیں گئے
 تاعمر جس پہ چل کے بھی منزل نہیں ملی
 ہم ایسی رہگزار سے باہر نہیں گئے
 وہ بھی کسی سراب کا قیدی بنا رہا
 کچھ ہم بھی اختیار سے باہر نہیں گئے
 لوگوں نے چاند تارے مسخّر کیے بتولؔ
ہم دل کے کاروبار سے باہر نہیں گئے

فاخرہ بتول

No comments:

Post a Comment