Monday 12 October 2015

ساغر اٹھا لیا کبھی مینا اٹھا لیا

ساغر اٹھا لیا کبھی مِینا اٹھا لیا
توبہ جو یاد آ گئی رکھا، اٹھا لیا
لاتا ہے روز جان پر آفت نئی نئی
جا تجھ سے ہاتھ اے دلِ شیدا اٹھا لیا
مثلِ نسیم پھر نہ لیا اک جگہ قرار
جس نے تِری تلاش کا بیڑا اٹھا لیا
لذتِ حیات بھی گئی دردِ دل کے ساتھ
پچھتا رہا ہوں، نازِ مسیحا اٹھا لیا
آسودگانِ خاک سے یہ بدگمانیاں
دامن زمیں پہ لوٹ رہا تھا اٹھا لیا
اب اشکِ غم کھٹکتے ہیں آنکھوں میں اس طرح
گویا پلک سے ریزۂ مینا اٹھا لیا
کیا کیا ستم گزر گئے جانِ غیور پر
احسان اثرؔ جو ہم نے کسی کا اٹھا لیا

اثر لکھنوی

No comments:

Post a Comment