Tuesday 20 October 2015

درد وہ لاحق ہوا جس کی دوا کوئی نہیں

 درد وہ لاحق ہوا جس کی دوا کوئی نہیں

میں جنم ہی سے اکیلا ہوں مِرا کوئی نہیں

اس کا رستہ دیکھتا ہوں میں کہ جو ہے ہی نہیں

گھر وہ ڈھونڈا ہے کہ جس کا راستہ کوئی نہیں

حوصلہ دیکھو کہ پھر بھی جی رہا ہوں شوق سے

ایسی بستی میں کہ جس میں آشنا کوئی نہیں

اس کا عاشق ہو گیا اس کے لیے برباد ہوں

جس میں کوئی دلبری، جس میں ادا کوئی نہیں

کون ہے جو رات بھر سونے نہیں دیتا مجھے

میرا دشمن شہر میں میرے سوا کوئی نہیں

شاعری شہرتؔ بکاؤ شے نہیں حیراں ہے کیوں

سیم و زر، لعل و جواہر تو صِلہ کوئی نہیں


شہرت بخاری

No comments:

Post a Comment