Sunday, 12 June 2016

ہے تیرے کان زلف معنبر لگی ہوئی

ہے تیرے کان زلفِ معنبر لگی ہوئی
رکھے گی یہ نہ بال برابر لگی ہوئی
بیٹھے بھرے ہوئے ہیں خُمِ مے کی طرح ہم
پر کیا کریں کہ مہر ہے منہ پر لگی ہوئی
چاٹے بغیر خون کوئی رہتی ہے تیری تیغ
ہے یہ تو اس کو چاٹ ستمگر لگی ہوئی
میت کو غسل دیجو نہ اس خاکسار کی
ہے تن پہ خاک کوچۂ دلبر لگی ہوئی
عیسیٰ بھی گر ہے پاس تو ممکن نہیں شفا
خورشید کو وہ تپ ہے فلک پر لگی ہوئی
نکلے ہے کب کسی سے کہ اسکی مژہ کی نوک
ہے پھانس سی کلیجے کے اندر لگی ہوئی
کرتی ہے زیرِ برقع فانوس تانک جھانک
پروانہ سے ہے شمع مقرر لگی ہوئی
بیٹھے ہیں دل کے بیچنے والے ہزار ہا
گزرے ہیں اس کی رہگزر پر لگی ہوئی
یہ چاہتا ہے شوق کہ قاصد بجائے مہر
آنکھ اپنی ہو لفافۂ خط پر لگی ہوئی
منہ سے لگا ہوا ہے اگر جامِ مے تو کیا
ہے دل سے یاد ساقیِ کوثر لگی ہوئی
اے ذوقؔ! دیکھ دخترِ رز کو نہ منہ لگا
چھٹتی نہیں ہے منہ سے یہ کافر لگی ہوئی

ابراہیم ذوق

No comments:

Post a Comment