Saturday 18 June 2016

پیش خیمہ موت کا خواب گراں ہو جائے گا​

پیش خیمہ موت کا خوابِ گراں ہو جائے گا​
سیکڑوں فرسنگ آگے کارواں ہو جائے گا​
قالبِ خاکی کہاں تک ساتھ دے گا روح کا​
وقت آ جاۓ دو اک دن امتحاں ہو جائے گا​
چپکے چپکے ناصحا، پچھلے پہر رو لینے دے​
کچھ تو ظالم، چارۂ دردِ نہاں ہو جائے گا​
شب کی شب مہماں ہے یہ ہنگامۂ عبرت سرا​
صبح تک سب نقشِ پائے کارواں ہو جائے گا​
چشمِ نا محرم کجا؟ اور جلوۂ محشر کجا​؟
پردۂ عصمت وہاں بھی درمیاں ہو جائے گا​
اشک ٹپکے یا نہ ٹپکے دل بھر آۓ گا ضرور​
آہ کرنے دیجئے، آپ امتحاں ہو جائے گا​
سایۂ دیوار سے لپٹے پڑے ہو خاک پر​
اٹھ چلو ورنہ وہ کافر بد گماں ہو جائے گا​
یاس اس چرخِ زمانہ ساز کا کیا اعتبار​؟
مہرباں ہے آج، کل نا مہرباں ہو جائے گا​

یاس یگانہ

No comments:

Post a Comment