Sunday, 27 September 2020

ہم شہر کی دیواروں میں کھنچ آئے ہیں یارو

 ہم شہر کی دیواروں میں کھنچ آئے ہیں یارو

محسوس کیا تھا کہ ادھر سائے ہیں یارو

رہنے بھی دو، کیا پوچھ کے زخموں کا کرو گے

یہ زخم اگر تم نے نہیں کھائے ہیں یارو

چھیڑو کوئی بات ایسی کہ احساس کو بدلے

ہم آج ذرا گھر سے نکل آئے ہیں یارو

کیا سوچتے ہو تازہ لہو دیکھ کے سر میں

اک دوست نما سنگ سے ٹکرائے ہیں یارو

ایسے بھی نہ چپ ہو کہ پشیمان ہو جیسے

کچھ تم نے یہ صدمے نہیں پہنچائے ہیں یارو

اندازہ تمہیں ہو گا کہ بات ایسی ہی کچھ ہے

ورنہ کبھی ہم ایسے بھی گھبرائے ہیں یارو

وہ قصے جو سن لیتے تھے ہم از رہِ اخلاق

اب اپنے یہاں وقت نے دہرائے ہیں یارو

اب تم کو سناتے ہیں کہ احساس کی تہہ سے

اک نغمہ بہت ڈوب کے ہم لائے ہیں یارو

جاتے ہیں کہ گزرا ہے یہ دن جن کی خزاں میں

آنکھوں میں بہار ان کے لیے لائے ہیں یارو


محشر بدایونی

No comments:

Post a Comment