Tuesday 29 September 2020

تیری طلب میں ایسے گرفتار ہو گئے

 تیری طلب میں ایسے گرفتار ہو گئے

ہم لوگ خود بھی رونقِ بازار ہو گئے

کیا خواب تھا کہ کچھ نہیں ٹھہرا نگاہ میں

کیا عکس تھا کہ نقش بہ دیوار ہو گئے

حدِ نظر بچھا تھا تری دید کا سماں

جو راستے تھے سہل وہ دشوار ہو گئے

ان کو بھی اپنے نام کی حرمت عزیز تھی

جو تیرا ساتھ دینے پہ تیار ہو گئے

بپھرا ہوا بدن کسی قاتل سے کم نہ تھا

ہم بھی وفورِ شوق میں تلوار ہو گئے

گو اپنے پاس ایک نظر کے سوا نہ تھا

ہم ہر بتِ حسیں کے خریدار ہو گئے

یہ شہر زلزلوں کے تھپیڑوں سے ہل گیا

کیا کیا عجب محل تھے کہ مسمار ہو گئے

خواہش کی الجھنوں پہ کوئی بس نہ چل سکا

دعوے فسونِ یار کے بے کار ہو گئے


جمیل یوسف

No comments:

Post a Comment