Wednesday, 30 September 2020

کر ہی گئے تھے پیاس کا جنگل عبور ہم

 کر ہی گئے تھے پیاس کا جنگل عبور ہم

بکھرے کنارِ آب سے تھوڑی ہی دور ہم

پھر یوں ہوا کہ خود ہی اندھیروں میں کھو گئے

اک عمر بانٹتے رہے لوگوں میں نور ہم

منہ زور آندھیوں کو شکایت یہی تو ہے

دیکھیں نہ اشتیاق سے پیڑوں پہ بُور ہم

منصوبہ سفر ہی بڑا جاں گداز تھا

بیٹھے بٹھائے تھک کے ہوئے چوُر چُور ہم

تیزاب تھا جو پورے بدن میں سما گیا

پڑتی اگر پھوار ، سُلگتے ضرور ہم

کیوں اپنا آفتاب سا دامن چھڑا لیا

اتنے تو داغ داغ نہیں تھے حضور ہم

اہل شعور وصل کی مہکار لے اڑے

اسلم کھنگالتے ہی رہے لاشعور ہم


اسلم کولسری

No comments:

Post a Comment