Monday, 28 September 2020

اے اجل اے جان فانی تو نے یہ کیا کر دیا

 اے اجل اے جانِ فانی تُو نے یہ کیا کر دیا

مار ڈالا مرنے والے کو کہ اچھا کر دیا

جب تِرا ذکر آ گیا ہم دفعتاً چپ ہو گئے

وہ چھپایا رازِ دل ہم نے کہ افشا کر دیا

کس قدر بیزار تھا دل مجھ سے ضبط شوق پر

جب کہا دل کا کیا ظالم نے رسوا کر دیا

یوں چرائیں اس نے آنکھیں سادگی تو دیکھیے

بزم میں گویا مِری جانب اشارا کر دیا

دردمندانِ ازل پر عشق کا احساں نہیں

درد یاں دل سے گیا کب تھا کہ پیدا کر دیا

دل کو پہلو سے نکل جانے کی پھر رٹ لگ گئی

پھر کسی نے آنکھوں آنکھوں میں تقاضا کر دیا

رنج پایا، دل دیا، سچ ہے مگر یہ تو کہو

کیا کسی نے دے کے پایا، کس نے کیا پا کر دیا

فانی مہجور تھا آج آرزو مند اجل

آپ نے آ کر پشیمان تمنا کر دیا


فانی بدایونی

No comments:

Post a Comment