Sunday, 27 September 2020

تیرے خیال کی شمعیں جلائے بیٹھے ہیں

تیرے خیال کی شمعیں جلائے بیٹھے ہیں

درونِ جاں کوئی محفل سجائے بیٹھے ہیں

گلی سے آج کوئی ماہتاب گزرے گا

ستارے شام سے پلکیں بچھائے بیٹھے ہیں

انہی سے پوچھئے تفصیلِ وسعتِ صحرا

جو لوگ عشق میں دنیا لٹائے بیٹھے ہیں

کوئی تو پھول چڑھائے اسی تمنا میں

ہم اپنے آپ کو پتھر بنائے بیٹھے ہیں

ہم اپنی آنکھوں میں جینے کی آرزو لے کر

کسی ہرن کی طرح زخم کھائے بیٹھے ہیں

نشہ سا گھلنے لگا بزم کی فضاؤں میں

جناب کون سی خوشبو لگائے بیٹھے ہیں

یہ بزم وہ ہے جہاں سر بلند قاتل ہے

جو بے قصور ہیں وہ سر جھکائے بیٹھے ہیں


عزم شاکری

No comments:

Post a Comment