Wednesday, 30 September 2020

دشت میں ہے ایک نقش رہ گزر سب سے الگ

 دشت میں ہے ایک نقش رہگزر سب سے الگ

ہم میں ہے شاید کوئی محوِ سفر سب سے الگ

چلتے چلتے وہ بھی آخر بھیڑ میں گم ہو گیا

وہ جو ہر صورت میں آتا تھا نظر سب سے الگ

سب کی اپنی منزلیں تھیں سب کے اپنے راستے

ایک آوارہ پھرے ہم در بدر سب سے الگ

ہے رہ و رسمِ زمانہ پردۂ بے گانگی

درمیاں رہتا ہوں میں سب کے مگر سب سے الگ

دے کے عادت رنج کی، ہوتا ہے مجھ پر مہرباں

اس ستم گر نے یہ سیکھا ہے ہنر سب سے الگ

شہرِ کثرت میں عجب اک روزنِ خلوت کھلا

اس نے جو دیکھا مجھے اک لمحہ بھر سب سے الگ

ہر کوئی شامل ہوا سرمد جلوس عام میں

منہ اٹھائے چل دیا ہے تُو کدھر، سب سے الگ


سرمد صہبائی

No comments:

Post a Comment