تم کو بھلا رہی تھی کہ تم یاد آ گئے
میں زہر کھا رہی تھی کہ تم یاد آ گئے
کل میری ایک پیاری سہیلی کتاب میں
اک خط چھپا رہی تھی کہ تم یاد آ گئے
اس وقت رات رانی مِرے سونے صحن میں
خوشبو لٹا رہی تھی کہ تم یاد آ گئے
ایمان جانئے، کہ اسے کفر جانئے
میں سر جھکا رہی تھی کہ تم یاد آ گئے
کل شام چھت پہ میر تقی میر کی غزل
میں گنگنا رہی تھی کہ تم یاد آ گئے
انجم تمہارا شہر جدھر ہے اسی طرف
اک ریل جا رہی تھی کہ تم یاد آ گئے
انجم رہبر
No comments:
Post a Comment