Wednesday, 30 September 2020

طویل ہجر ہے اک مختصر وصال کے بعد

 طویل ہجر ہے اک مختصر وصال کے بعد

میں اور ہو گیا تنہا تِرے خیال کے بعد

تپش اک اور ہے دن کی حرارتوں کے سوا

سفر اک اور ہے سورج تِرے زوال کے بعد

کسی سے رکھتے کہاں دشمنی کا رشتہ ہم

لہو کو سرد بھی ہونا تھا اک ابال کے بعد

جو توڑنا ہے تو دل اس ادا سے توڑ مرا

کوئی ملال نہ ہو مجھ کو اس ملال کے بعد

ذرا بھی سوچ نہ پایا میں اپنے بارے میں

کوئی خیال نہ آیا، تِرے خیال کے بعد

کہاں گئی وہ محبت کہ جس کے سائے میں

لپٹ کے روئے تھے ہم دونوں عرض حال کے بعد

یہ دل کی بات ہے،۔ سوداگری نہیں یارو

کسی نے کی ہے محبت بھی دیکھ بھال کے بعد

شکیل بند ہوا ہم پہ اس کا دروازہ

کبھی سوال سے پہلے، کبھی سوال کے بعد


شکیل اعظمی

No comments:

Post a Comment