Friday, 6 December 2013

ایسا بننا سنورنا مبارک تمہیں

ایسا بننا سنورنا مُبارک تُمہیں
کم سے کم اِتنا کہنا ہمارا کرو
چاند شرمائے گا چاندنی رات میں
یُوں نہ زُلفوں کو اپنی سنوارا کرو

یہ تبسّم یہ عارض یہ روشن جبِیں
یہ ادا یہ نِگاہیں یہ زُلفیں حسِیں
آئینے کی نظر لگ نہ جائے کہیں
جانِ جاں اپنا صدقہ اُتارا کرو

دِل تو کیا چیز ہے جان سے جائیں گے
موت آنے سے پہلے ہی مر جائیں گے
یہ ادا دیکھنے والے لُٹ جائیں گے
یُوں نہ ہنس ہنس کے دِلبر اِشارہ کرو

فِکرِ عُقبا کی مستی اُتر جائے گی
توبہ ٹُوٹی تو قِسمت سنور جائے گی
تم کو دُنیا میں جنت نظر آئے گی
شیخ جی مے کدے کا نظارہ کرو

خُوبصورت گھٹاؤں بھری رات میں
لُطف اُٹھایا کرو ایسی برسات میں
جام لے کر چھلکتا ہُوا ہاتھ میں
مے کدے میں بھی اِک شب گُزارا کرو

کام آئے نہ مُشکل میں کوئی یہاں
مطلبی دوست ہیں، مطلبی یار ہیں
اِس جہاں میں نہیں کوئی اہلِ وفا
اے فناؔ اِس جہاں سے کِنارہ کرو

فنا بلند شہری

No comments:

Post a Comment