تنِ تنہا مقابل ہو رہا ہوں میں ہزاروں سے
حسینوں سے رقیبوں سے غموں سے غمگساروں سے
انہیں میں چھین کر لایا ہوں کتنے دعویداروں سے
شفق سے چاندنی راتوں سے پھولوں سے ستاروں سے
سنے کوئی، تو اب بھی روشنی آواز دیتی ہے
ہمارے داغِ دل، زخمِ جگر کچھ ملتے جلتے ہیں
گلوں سے گلرخوں سے مہوشوں سے ماہ پاروں سے
کبھی ہوتا نہیں محسوس، وہ یوں قتل کرتے ہیں
نگاہوں سے کنکھیوں سے اداؤں سے اشاروں سے
ہمیشہ ایک پیاسی روح کی آواز آتی ہے
کنؤوں سے پنگھٹوں سے ندیوں سے آبشاروں سے
نہ آئے پر نہ آئے وہ، انہیں کیا کیا خبر بھیجی
لفافوں سے خطوں سے دکھ بھرے پرچوں سے تاروں سے
زمانے میں کبھی بھی قسمتیں بدلا نہیں کرتیں
امیدوں سے بھروسوں سے دلاسوں سے سہاروں سے
وہ دن بھی ہائے کیا دن تھے جب اپنا بھی تعلق تھا
دُسہرے سے دیوالی سے بسنتوں سے بہاروں سے
کبھی پتھر کے دل اے کیفؔ پگھلے ہیں نہ پگھلیں گے
مناجاتوں سے فریادوں سے چیخوں سے پکاروں سے
کیف بھوپالی
No comments:
Post a Comment