Sunday 12 June 2016

لے لے کے تری زلف نے ایمان ہزاروں

لے لے کے تِری زلف نے ایمان ہزاروں
کر ڈالے زمانہ میں مسلمان ہزاروں
اس غم کا برا ہو کہ زمانے میں ابھی تک
پھرتے ہیں تِرے غم کے پریشان ہزاروں
اے جانِ بہاراں! تجھے معلوم نہیں ہے
تیرے لیے پرزے ہیں گریبان ہزاروں
اعجازِ محبت تو کوئی دیکھ لے آ کر
ہیں میرے دلِ تنگ میں ارمان ہزاروں
کیا بات ہے اے چشمِ حسیں تیری جہاں میں
اک تیرِ نظر سے ہوئے بے جان ہزاروں
غنچے بھی ہیں اس دہر میں کانٹے بھی ہیں گل بھی
ہاں دل کے بہلنے کو ہیں سامان ہزاروں
اب تو کسی طوفاں کا مجھے خوف نہیں ہے
آئے ہیں مِری زیست میں طوفان ہزاروں
پھر اس سے ہی کرتا ہوں میں پیمانِ محبت
جس نے کہ شکستہ کئے پیمان ہزاروں
اس کی نگہِ ناز کا ادنیٰ سا کرم ہے
بہزادؔ مِرے دل میں ہیں ارمان ہزاروں

بہزاد لکھنوی

No comments:

Post a Comment