Tuesday 27 December 2016

دل مرے سینے میں کچھ روز کا مہمان سا ہے

دل مِرے سینے میں کچھ روز کا مہمان سا ہے
اس نئی سوچ سے مجھ کو ذرا خفقان سا ہے
ملتفت جو نہیں ہوتا تھا کبھی میری طرف
وہ مِرا دشمنِ جاں، مجھ پہ مہربان سا ہے
خون آشامی میں اس کا نہیں ثانی کوئی
دیکھنے میں تو بظاہر وہ اک انسان سا ہے
دل کا کیا پوچھتے ہو دل تو ہے پاگل پھر بھی
اپنی ناکردہ خطاؤں پہ پشیمان سا ہے
جانے کس طور سے آئے گا سکوں سینے میں
حشر برپا ہے، تلاطم سا ہے، طوفان سا ہے
لفظ یہ زندہ ہیں، جب تک، ہے مِرا نام و نشاں
مجھ کو اس بات کا ادراک ہے، عرفان سا ہے
جو نہ دیکھا تھا کبھی دیکھ رہا ہے ناصرؔ
ہاں مگر رنگِ جہاں دیکھ کے حیران سا ہے

ناصر زیدی

No comments:

Post a Comment