Wednesday, 17 February 2021

آنکھیں دکھائیں غیرکو میری خطا کے ساتھ

 آنکھیں دکھائیں غیرکو میری خطا کے ساتھ

مطلب ادا وہ کرتے ہیں اور کس ادا کے ساتھ

شوخی نگہ کے ساتھ تغافل جفا کے ساتھ

عشاق پر ہجوم بلا ہے بلا کے ساتھ

آخر ہوا نہ ضبط شب وصل مدعی

نالہ نکل گیا مِری لب سے دعا کے ساتھ

تیرے ستم سے مجھ کو ملا منصب کلیم

اک وجہ گفتگو نکل آئی خدا کے ساتھ

تیرا حجاب اٹھتے ہی آیہ وہ ناگہاں 

دشمن کے پاؤں کھل گئے بند قبا کے ساتھ 

میں کیا کہ دشمنوں کی بھی قسمت الٹ گئی 

ترچھی ادائیں اور تیری بانکی ادا کے ساتھ 

راہ طلب میں شوق کی منظور ہے نمود 

مٹتے قدم قدم پہ چلے رہنما کے ساتھ

یا رب غلط ہو فہم کج اندیش کا گماں 

کچھ کہہ رہا ہے ان سے عدو التجا کے ساتھ 

دیتے نہیں کسی کو پتہ اپنے حال کا 

بیگانہ بن کے چلتے ہیں ہر آشنا کے ساتھ 

مے بے طلب ملی تو ہوئی یار کی طلب 

بندوں کے ناز بھی ہیں نرالے خدا کے ساتھ

جوش قلق میں دیکھیے کیا مانگتا ہوں میں 

یاروں کے دم نکلتے ہیں میری دعا کے ساتھ 

گھر سے مجھے نکالتے رہئے پر اس طرح 

گہ مدعی کے ساتھ گہے مدعا کے ساتھ 

کیوں شوق میں گرائیے ساتھ اپنے شان عشق 

اغماض بھی ضرور ہے کچھ التجا کے ساتھ

کہتا ہوں یہ نصیب نہ دشمن کو ہو فراق 

آ میں وہ کہتے جاتے ہیں میری دعا کے ساتھ 

لیلیٰ کا نام زندہ ہے اب تک جہاں میں 

تم بھی نباہ دو کسی اہل وفا کے ساتھ 

پھرتے ہی اس کی آنکھ کے وابستہ تر ہوا 

میں دل کے ساتھ دل نگہ فتنہ زا کے ساتھ

ہم عالم خیال میں کچھ بھی نہ خوش ہوئے 

ہے رشک غیر یاد لب جاں فضا کے ساتھ 

اب تو بڑا خیال تیری رنجشوں کا ہے 

محشر میں دیکھ لیں گے خدا کی خدا کے ساتھ 

کہتا ہے ڈر کے ہاتھ وفا سے اٹھا لیا 

دشمن کی بات بن گئی میری دعا کے ساتھ

آتا ہے بوئے دوست میں کافر بسا ہوا 

قاصد بھی اک رقیب ہے اپنا صبا کے ساتھ 

کیا ڈھونڈھتے ہو دہر میں انور جمال دوست 

چندے پھرو چلو کسی مرد خدا کے ساتھ


انور دہلوی

No comments:

Post a Comment