تم وہ پہلی لڑکی ہو
تم وہ پہلی لڑکی ہو
جس کو دیکھ کے
میری آنکھیں خوابوں سے بھر جاتی ہیں
پیار کی نیلی کرنیں
دل کے کمرے میں در آتی ہیں
تم وہ پہلی لڑکی ہو
جس سے دھوکہ کھانے کو دل کرتا ہے
جس کو دیکھ کے
میرا یونہی مر جانے کو دل کرتا ہے
تم وہ پہلی لڑکی ہو
جس کو دیکھ کے
دل کی خالی ٹہنی پر
پھول گلابی کھل جاتے ہیں
جس کو دیکھ کے
مجھ کو میری مرضی کے
سارے موسم مل جاتے ہیں
تم وہ پہلی لڑکی ہو
جس کو دیکھ کے
سیفل جھیل پہ اتری پریاں
اپنے ہوش گنوا سکتی ہیں
جس کو دیکھ کے
سوئی سوئی لہریں
یکدم موج میں آ سکتی ہیں
تم وہ پہلی لڑکی ہو
جس کو دیکھ کے
دھوپ کا ہر اک ٹکڑا
بادل ہو سکتا ہے
جس کو دیکھ کے
چاند کسی شب
پورا پاگل ہو سکتا ہے
تم وہ پہلی لڑکی ہو
جس کو دیکھ کے ہر ایک پیار کہانی
سچی لگتی ہے
جس کو دیکھ کے مجھ کو ساری دنیا
اچھی لگتی ہے
حسن عباسی
No comments:
Post a Comment