Sunday, 28 February 2021

بات بے بات برہمی صاحب

 بات بے بات برہمی صاحب

ہم سے کوئی خطا ہوئی صاحب

مجھ کو بھائے نہ دشمنی صاحب

میرا مسلک ہے دوستی صاحب

میں نے سچ بولنے کی جراءت کی

بات سب کو لگی بری صاحب

چلو مانا، قصور میرا ہے

آپ اچھے ہیں، میں بُری صاحب

کیوں پریشان اس قدر ہیں آپ؟

کوئی افتاد آ پڑی صاحب؟

ہم کو سب کچھ ملا مقدر سے

رہ گئی آپ کی کمی صاحب

اب تو آنکھیں اداس رہتی ہیں

اور صورت بجھی بجھی صاحب

ہم کو ہر دم عزیز رہتے ہیں

"آپ اور آپ کی خوشی صاحب"

یہ تو انمول دل کی باتیں ہیں

ہم نے کب کی ہے شاعری صاحب


عائشہ انمول

No comments:

Post a Comment