Friday, 26 February 2021

آرزوؤں کے دھڑکتے شہر جل کر رہ گئے

 آرزوؤں کے دھڑکتے شہر جل کر رہ گئے

کیسے کیسے حشر خاموشی میں ڈھل کر رہ گئے

خاطرِ خستہ کا اب کوئی نہیں پُرسان حال

کتنے دلداری کے عنوان تھے بدل کر رہ گئے

اب کہاں عہدِ وفا کی پاسداری اب کہاں

جو حقائق تھے وہ افسانوں میں ڈھل کر رہ گئے

اب کہاں وہ ساحلوں سے سیرِ طوفان حیات

اب تو وہ ساحل تلاطم میں بدل کر رہ گئے

حاصلِ غم یا غمِ حاصل میسر کچھ نہیں

زندگانی کے سبھی اسباب جل کر رہ گئے

ہائے وہ غم جو بیاں کی حد میں آ سکتے نہ تھے

قیدِ اشک و آہ سے آگے نکل کر رہ گئے

الاماں حالات کی محشر خرامی الاماں

ڈگمگائے اس قدر گویا سنبھل کر رہ گئے

رہ گیا ہوں ایک میں تنہا ہجومِ برق میں

ہمنوا سارے چمن کے ساتھ جل کر رہ گئے

بن تو سکتے تھے وہ طوفان قیامت خیز بھی

جو دھڑکتے ولولے اشکوں میں ڈھل کر رہ گئے

ایک وہ ہیں ڈالتے ہیں ماہ و انجم پر کمند

اور اک ہم ہیں کہ خوابوں سے بہل کر رہ گئے

جن کو حاصل تھا زمانے میں سکونِ اضطراب

اپنے ہی احساس کے شعلوں میں جل کر رہ گئے

جن کی خاموشی تھی مشہور زمانہ اے سلام

آج ان کے منہ سے بھی شکوے نکل کر رہ گئے


عین سلام

No comments:

Post a Comment