Friday 30 April 2021

راستہ دیر تک سوچتا رہ گیا

 راستہ دیر تک سوچتا رہ گیا

جانے والے کا کیوں نقشِ پا رہ گیا

آج پھر دب گئیں درد کی سسکیاں

آج پھر گُونجتا قہقہہ رہ گیا

اب ہوا سے شجر کر رہا ہے گِلہ

ایک گُل شاخ پر کیوں بچا رہ گیا

جھوٹ کہنے لگا سچ سے بچنے لگا

حوصلے مٹ گئے تجربہ رہ گیا

ہنستے گاتے ہوئے لفظ سب مٹ گئے

آنسوؤں سے لکھا حاشیہ رہ گیا

وقت کی دھار میں بہہ گیا سب مگر

نام دیوار پر اک لکھا رہ گیا

اس کے دم سے کہے شعر میں نے ہلال

پھُول اس دھوپ میں جو کھُلا رہ گیا


ہلال فرید

No comments:

Post a Comment