Friday, 30 April 2021

اپنے کھوئے ہوئے لمحات کو پایا تھا کبھی

 اپنے کھوئے ہوئے لمحات کو پایا تھا کبھی

میں نے کچھ وقت تِرے ساتھ گزارا تھا کبھی

آپ کو میرے تعارف کی ضرورت کیا ہے

میں وہی ہوں کہ جسے آپ نے چاہا تھا کبھی

اب اگر اشک اُمنڈتے ہیں تو پی جاتا ہوں

حوصلہ آپ کے دامن نے بڑھایا تھا کبھی

اب اسی گیت کی لے سوچ رہی ہے دنیا

میں نے جو گیت تِری بزم میں گایا تھا کبھی

میری الفت نے کیا غیر کو مائل، ورنہ

میں تِری انجمن ناز میں تنہا تھا کبھی

کر دیا آپ کی قربت نے بہت دور مجھے

آپ سے بعد کا احساس نہ اتنا تھا کبھی

دوست ناداں ہو تو دشمن سے بُرا ہوتا ہے

مجھ کو اپنے دلِ ناداں پہ بھروسا تھا کبھی


مظہر امام

No comments:

Post a Comment