Thursday 29 April 2021

اس لیے بھی نہيں بنتی مری سالار کے ساتھ

 اس لیے بھی نہيں بنتی مِری سالار کے ساتھ

میں رعایت نہيں کرتا کسی غدار کے ساتھ

میں نے اوروں کی طرح نقل مکانی نہيں کی

دشت آباد کیا بھی تو، درِ یار کے ساتھ

بعض اوقات مجھے عشق  ہوس لگتا ہے

ایسی ان ہونیاں ہوتی ہیں قلمکار کے ساتھ

اب تجارت میں گنوائیں گے مِرے بھائی مجھے

اور میں دُور نکل جاؤں گا بازار کے ساتھ

مصلحت اوڑھ کے چپ رہنا بھی پڑ جاتا ہے

مسئلے حل نہيں ہوتے کئی تلوار کے ساتھ

یہ غزل میر کی مجلس میں سنائی جائے

رکھ دیا جائے یہ کنکر دُرِ شہوار کے ساتھ

بانٹتا پھرتا ہے لوگوں میں خدائی عامی

یہ جو درویش لگا بیٹھا ہے دیوار کے ساتھ


عمران عامی

No comments:

Post a Comment