Friday 30 April 2021

اک نئی صبح کا آغاز ہے انجام کے بعد

 اک نئی صبح کا آغاز ہے انجام کے بعد

پھر وہی سلسلۂ عشق ہے الزام کے بعد

جانے کیا ہو گا مِری سعیٔ طلب کا حاصل

ذہن میں کچھ نہیں محفوظ تِرے نام کے بعد

صحنِ گلشن میں بہاروں کا نشاں تک بھی نہیں

خاک اڑتی ہے فقط گردشِ ایام کے بعد

صبح سے کرب و اذیت کا یہ عالم توبہ

درد کچھ اور سوا ہوتا ہے ہر شام کے بعد

اس سے پہلے تو ہر اک عزم و عمل ہے بے سود

قلبِ مضطر کو سکوں ملتا ہے آلام کے بعد

اس نے کچھ اور خطابات دئیے ہیں خط میں

ساتھ وحشی بھی لکھا ہے مجھے بدنام کے بعد

میری جانب بھی خضر بزمِ عدو میں اک دن

اس کی مخصوص نظر تھی نگہِ عام کے بعد


خضر برنی

No comments:

Post a Comment