Wednesday, 28 July 2021

اس نے پھینکا تھا اگرچہ بڑی اونچائی سے

 اس نے پھینکا تھا اگرچہ بڑی اونچائی سے

مرحلہ وار نکل آیا ہوں گہرائی سے 

راز مرغابی کی ہجرت کا کُھلا ہے مجھ پر 

ایک تالاب کے چہرے پہ جمی کائی سے 

شام کا وقت بڑی دیر تلک ٹھہرا رہا 

میں سسکتے ہوئے لڑتا رہا تنہائی سے 

میں عدو سے تو کسی طور نہیں ہاروں گا 

کیا بچائے گا مجھے کوئی مِرے بھائی سے 

آپ انجام سے غافل ہیں، خدا خیر کرے 

دیر لگتی نہیں گرتے ہوئے اونچائی سے 

ریت سے اٹ گیا آخر مِری خوشبو کا وجود

کوئی لِپٹا ہی نہیں مجھ گلِ صحرائی سے 

میں بہت سارے خزانوں کا پتہ جانتا ہوں 

آپ کچھ کام تو لیجیے مِری بینائی سے 

وہ کسی اور سے ملنا نہیں ممکن ناظر 

جو ملی ہے مجھے چاہت مِری ماں جائی سے


عثمان ناظر

No comments:

Post a Comment