Wednesday 26 January 2022

سبک سا درد تھا اٹھتا رہا جو زخموں سے

 سُبک سا درد تھا اٹھتا رہا جو زخموں سے

تو ہم بھی کرتے رہے چھیڑ چھاڑ اشکوں سے

سبھی کو زخم تمنا دکھا کے دیکھ لیے

خدا سے داد ملی اور نہ اس کے بندوں سے

دُھواں سا اٹھنے لگا فکر و فن کے ایواں میں

لہو کی باس سی آنے لگی ہے شعروں سے

اب ان سے دیکھیۓ کب منزلیں ہویدا ہوں

اٹھا کے لایا ہوں کچھ نقش تیری راہوں سے

بلک رہا ہے نگاہوں میں حسرتوں کا ہجوم

لٹک رہی ہیں پتنگیں اداس کھمبوں سے

اب اور کس سے تِرے غم کا تذکرہ کرتے

تمام رات رہی گفتگو ستاروں سے

بس ایک جست میں افلاک سے نکل جاؤں

پھلانگ جاؤں زمیں کو میں چار قدموں سے


اسلم حبیب

No comments:

Post a Comment