Sunday, 24 April 2022

ہجر کی سیج پہ دن رات گزارے کم تھے

 ہجر کی سیج پہ دن رات گزارے کم تھے

کیسے کہہ دوں کہ محبت میں شرارے کم تھے

ڈوبنے والے محبت میں بہت تھے تِری

اک سمندر تھا مگر اس کے کنارے کم تھے

زخم ہی زخم تھے پوشاکِ وفا پر صاحب

دامنِ عشق پہ نکلے ہوئے تارے کم تھے

اتنی خوش فہمیاں پائیں تھیں صعوبت میں تِری

زندہ رہنے کے لیے یار سہارے کم تھے

اس نے حالات کی لہروں میں سمویا مجھ کو

موج در موج جہاں عشق کے دھارے کم تھے

مِرے وجدان کی تنہائی میں کچھ دیر رہے

آپ کا حسنِ نظر جس میں خسارے کم تھے

لوگ خوابوں سے نکل آئے تو جانا ہم نے

رنگ تعبیر کے آنکھوں میں اتارے کم تھے

اس کو بے ساختہ ہنستے ہوئے دیکھا تو لگا 

اس کی صحبت میں رضا لمحے گزارے کم تھے


حسن رضا

No comments:

Post a Comment