Wednesday, 7 September 2022

سانس لیتا ہے خرابوں سے روا رکھتا ہے

 سانس لیتا ہے خرابوں سے روا رکھتا ہے

درد ادراک کے لہجے کا مزا رکھتا ہے

معجزے وقت کی مُٹھی میں دبے رہتے ہیں

وہ جو بے زار تھا اب شوقِ دوا رکھتا ہے

زندگی جھیل کے منظر کی عبارت لیکن

دل ہی بے زار ہے طوفان اٹھا رکھتا ہے

اب کے جس شخص پہ باندھا ہے توکل یارو

اپنا ثانی نہیں اندھوں کے سوا رکھتا ہے

پوچھتے کیا ہو مِرے یار کے بارے لوگو

مرمریں جسم ہے موجوں سی ادا رکھتا ہے

وقت سنبھال کے رکھتا ہے شواہد سب کے

اک خدا ہے جو عدالت کو کھلا رکھتا ہے

کتنے لہجوں کو اذیت کی شباہت لکھوں

درد فنکار ہے، لہجہ بھی نیا رکھتا ہے

اک تعلق سے جُڑی یاد کی بابت لمحے

چند سِکے ہیں جو مزدور بچا رکھتا ہے


علی ساحر

No comments:

Post a Comment