Wednesday, 28 September 2022

محبت کے ہر حبس کا ذائقہ دائمی ہے

 محبت کے ہر حبس کا ذائقہ دائمی ہے

بہت کم تنفس ہوں 

شاید خلا کے کسی کیسری منطقے 

کی بلندی پہ ہوں

میں یہاں تک کسی کُونج کے ساتھ 

اُڑتے ہوئے بےقراری کا 

ہر ذائقہ چکھ کے پہنچا ہوں

اور درد کی تتلیوں کو کسی گُل کی

 لو کی کشش میں بندھے 

میں نے سو بار دیکھا

مہک اور رنگوں کی نم روشنی کے سوا 

گُل کی قسمت میں کیا ہے

مگر تتلیاں بھی تو 

بس سر بسر رنگ ہیں

رنگ ممکن ہے 

رنگوں کی دنیا میں 

رہ کر ہی اوجِ مسرت کے پل کھینچتا ہو

مہک کی کہانی کے سب لفظ 

گُل کو دل و جاں سے ازبر ہیں

یہ شبد تتلی کی وحشت 

کو مہمیز کرنے میں اکسیر کا کام کرتے ہیں

پر مجھ میں اور خواب کی کُونج میں

 کون سی چیز ہے 

جس سے اتنا بندھا میں 

کہ اب پر شکستہ 

خلا کے شجر کی جُھکی شاخ پر 

کم تنفس بھی ہوں

 اور بے حد اکیلا اکیلا بھی ہوں

یہ تعلق کے وعدے 

مجرّد ہیں پر اپنے ہونے کی خوشبو 

گُلِ دل سے بے انتہا کھینچتے ہیں

یہ خُوشبو اگر سانس سے رُوٹھ جائے 

تو احساس کی شاخ پر 

ان کِھلے دل کی جانب نہیں دیکھنا تم

محبت کے ہر حبس کا ذائقہ دائمی ہے


شہزاد اظہر

No comments:

Post a Comment