Wednesday 28 September 2022

سرخ یاقوت کاسنی لہجہ

 سرخ یاقوت کاسنی لہجہ

ڈس رہا ہے یہ اجنبی لہجہ

پھر وہی کاٹ تیری باتوں میں

دل میں چُبھتا ہوا وہی لہجہ

اب کڑا ہجر کاٹنا ہو گا

کر رہا ہے یہ مخبری لہجہ

لاکھ تُو بھیس بھر لے شہزادی

چُغلی کھاتا ہے مُغلئی لہجہ

میری پہچان کے لیے ہے کافی

میرا اسلوب، شاعری، لہجہ

سُرمئی بادلوں سی آنکھوں کا

دِھیما دِھیما سا بارشی لہجہ

اس کی باتوں کا مغربی انداز

سر پہ پلُو کا مشرقی لہجہ

جینز تجھ پر بلا کی سجتی ہے

جیسے نظموں پہ یورپی لہجہ

مجھ سے کہتا رہا نہ لَوٹے گی

کالے جوڑے کا ماتمی لہجہ

میں تو اچھی ہوں آپ کیسے ہیں

سرسری بات، سرسری لہجہ

تُو ہے اک سہلِ ممتنع سی غزل

اور اس پر یہ لکھنوی لہجہ

جانے والوں کی چاپ میں مل کر

گِڑگڑاتا ہے مُلتجی لہجہ

ٹھوکریں کھا کے بھی کہاں سنبھلے

پھر وہی بات، پھر وہی لہجہ


شہاب عالم

No comments:

Post a Comment