Saturday, 3 October 2015

کیا ہوتا ہے خزاں بہار کے آنے جانے سے

کیا ہوتا ہے خزاں بہار کے آنے جانے سے
سب موسم ہیں دل کھِلنے اور دل مُرجھانے سے
ایک دِیا کب روک سکا ہے رات کو آنے سے
لیکن دل کچھ سنبھلا تو ایک دِیا جلانے سے
جو پھولوں اور کانٹوں کی پہچان نہیں رکھتا
پھول نہیں رکتے گھر اس کا بھی مہکانے سے
جلتے نظر نہیں‌ آئے اور جل کر خاک ہوئے
دور کا رشتہ اپنا بھی نکلا پروانے سے
کچی عمر میں اور ساون میں کیسے باز آئیں
آنکھیں جگمگ کرنے سے، آنچل لہرانے سے
کتنا اچھا لگتا ہے اک عام سا چہرہ بھی
صرف محبت بھرا تبسم لب پر لانے سے
گئے دنوں میں رونا بھی تو کتنا سچا تھا
دل ہلکا ہو جاتا تھا جب اشک بہانے سے
بھیگی رات کا سناٹا کرتا ہے وہی باتیں
زخم ہرے ہوتے ہیں جو باتیں یاد آنے سے

حسن اکبر کمال​

No comments:

Post a Comment