یہاں تو کوئی من چلا ہی نہیں
کہ جیسے یہ شہرِ بلا ہی نہیں
تِرے حسرتی کے ہے دل پر یہ داغ
کوئی اب تیرا مبتلا ہی نہیں
ہوئی اس گلی میں فضیحت بہت
نکل چل کبھی آپ سے جانِ جاں
تِرے دل میں تو ولولہ ہی نہیں
دمِ آخر جو بچھڑے تو، بس
پتا بھی کسی کا چلا ہی نہیں
قیامت تھی اس کے شکم کی شکن
کوئی بس مِرا پھر چلا ہی نہیں
اسے خون سے اپنے سینچا مگر
تمنا کا پودا پھلا ہی نہیں
کہاں جا کے دنیا کو ڈالوں بھلا
ادھر تو کوئی مزبلہ ہی نہیں
اک انبوہِ خونیں دلاں ہے، مگر
کسی میں کوئی حوصلہ ہی نہیں
جون ایلیا
No comments:
Post a Comment