Thursday, 11 August 2016

نئے ماحول میں یوں اہل فن کی آزمائش ہے

نئے ماحول میں یوں اہلِ فن کی آزمائش ہے
کہ جیسے بستیوں پر کوہکن کی آزمائش ہے
ہمارے عزم کو دار و رسن کیا آزمائیں گے
ہمارا عزم خود دار و رسن کی آزمائش ہے
دلوں کو درد سے آباد کر دینے کا وقت آیا
اب اے اہلِ سخن! ذوقِ سخن کی آزمائش ہے
گئے وہ دن کہ ہم صیاد کو الزام دیتے تھے
چمن میں ان دنوں اہل چمن کی آزمائش ہے
نہ ہو مایوس اے شامِ غریباں دیکھنے والے
کہ اب تیرے لئے صبحِ وطن کی آزمائش ہے
خِرد والو! مِری دیوانگی پر طنز کرتے ہو
جنوں میرا شعورِ انجمن کی آزمائش ہے

جگن ناتھ آزاد

No comments:

Post a Comment