Sunday 21 August 2016

غموں کی دھوپ سے خود کو بچانے آئے ہیں

غموں کی دھوپ سے خود کو بچانے آئے ہیں 
ہم آج جشنِ مسرت منانے آئے ہیں 
حیات و کشمکشِ روزگار میں ہم تو
کتابِ زیست کا عنواں بتانے آئے ہیں
جلا کے خانۂ دل میں چراغ الفت کے
ہم اپنے عشق کے جلوے دکھانے آئے ہیں 
نظامِ گلشنِ ہستی سنوارنے کے لئے
’’کلی کلی کو تبسم سکھانے آئے ہیں ‘‘
سہانی رات کی تنہائیوں کا حال نہ پوچھ
خیال و خواب میں منظر سہانے آئے ہیں 
ادائے چشمِ تغافل کا دیکھئے عالم
نظر کا تیر وہ دل پر چلانے آئے ہیں 
جنہیں سمجھتے تھے ہم اپنا مونس و ہمدم 
ہماری راہ میں کانٹے بچھانے آئے ہیں 
جو ہم کو زخم ہی دیتے رہے ہیں برسوں سے
وہ آج زخم پہ مرہم لگانے آئے ہیں 
مٹا دو نفرتیں دل سے، ملو گلے سے گلے
نفاق و رنجشِ باہم مٹانے آئے ہیں 
قدم قدم پہ ہوئے جن کے نام کے چرچے
وہ اپنے نام کا جادو جگانے آئے ہیں 
ہمیں نہ دیکھو حقارت سے اس طرح عابدؔ
تمہارے واسطے ہم سر کٹانے آئے ہیں 

عابد حسین عابد

No comments:

Post a Comment