ہے اس گلرنگ کا دیوار ہونا
کہ جیسے خواب سے بیدار ہونا
بتاتی ہے مہک دستِ حنا کی
کسی در کا پسِ دیوار ہونا
اسے رکھتا ہے صحراؤں میں حیراں
کمال شوق کا حاصل یہی ہے
ہمارا شہر سے بے زار ہونا
فراق آغاز ہے ان ساعتوں کا
ہے آخر جن کا وصلِ یار ہونا
یہی ہونا تھا آخر دشتِ غم کو
ہمارے ہاتھ سے گلزار ہونا
محبت کا سبب ہے بے نیازی
کشش اسکی ہے بس دشوارہونا
منیرؔ اچھا نہیں لگتا یہ تیرا
کسی کے ہجر میں بیمار ہونا
منیر نیازی
No comments:
Post a Comment