Tuesday, 9 August 2016

ایسے کو شب وصل لگائے کوئی کیا ہاتھ

ایسے کو شبِ وصل لگائے کوئی کیا ہاتھ
ہر بار جھٹک کر جو کہے ٹوٹے ترا ہاتھ
یوں آپ کریں غیر کے شکوے مرے آگے
یہ آپ کے مضمون نیا آج لگا ہاتھ
اس بات کے ملنے کی بھی کچھ پائی گئی بات
قاصد تِرے صدقے پہ اگر سچ ہے تو لا ہاتھ
یہ رشک ہے تو آپ ہے اب دل کو شکایت
ظالم مِرے ملنے سے نہ تو ایسا اٹھا ہاتھ
پھر میں تپشِ دل کی شکایت نہ کروں گا
رکھ دے مِرے سینے پہ ذرا مہندی لگا ہاتھ
اس دستِ نگاریں کو ذرا میں نے چھوا تھا
کس ناز سے کہنے لگے اف چھوڑ، گیا ہاتھ
ایسی نگہ یاس سے دیکھا تہہ خنجر
قاتل نے مجھے دیکھتے ہی روک لیا ہاتھ

نظام رامپوری

No comments:

Post a Comment