Tuesday, 9 August 2016

پھونک کر دشت عرب کی کوکھ میں روح ارم

پھونک کر دشتِ عرب کی کوکھ میں روحِ ارم
اک گھنیری چھاؤں پھیلا دی سرِ فرقِ امم
وہ قدیم انسان تخلیقِ جہاں سے بھی قدیم
جس کے احساسات کی تجسیم ہیں لوح و قلم
وہ بقا پرور کہ با معنی ہے مفہومِ وجود
وہ فنا دشمن کہ اب اک لفظ مہمل ہے عدم
وہ ازل آثارِ تعلیمِ ملائک جس کی بھیک
وہ ابد کردارِ جنت جس کے دروازے پہ خم
جس کے بل پر ناز کرتا ہے امانت کا مزاج
جس کے دم سے سانس لیتا ہے دیانت کا بھرم
اس سے باتیں کر کے پا لے ہمکلامی کا شرف
تھم، خدا کے واسطے، اے نارسا ادراک تھم
اے قضا آگاہِ مرسلؐ اے قدر پیما نبیﷺ
اے عمودِ خیمۂ جاں اے وجودِ کیف و کم
تُو دیارِ آگہی میں رب کے ہونے کا نشاں
تُو فصیلِ فہم پر توحیدِ خالق کا علم
عقل کی خاکِ تیمم ہے تِرے قدموں کی دھول
فکر کا آبِ وضو ہے تیری پیشانی کا نم

طالب جوہری

No comments:

Post a Comment