Tuesday 27 December 2016

پھیکا پھیکا مرے چہرے پہ وہی رنگ سا ہے

پھیکا پھیکا مِرے چہرے پہ وہی رنگ سا ہے
اتنا آرام میسر ہے کہ دل تنگ سا ہے
میں نے پلکوں کو کئی روز سے موندا ہی نہیں
شاخ پر ایک پرندہ بھی بہت دنگ سا ہے
اس قدر شہرِ خموشاں میں ہے اس بار ہجوم
شور ایسا کہ سراسر جو کسی جنگ سا ہے
کیسے طے ہو گا سفر پھر اسی رفتار کے ساتھ
پاؤں میں اپنے بندھا جیسے کوئی سنگ سا ہے
ہم کو اک وہم سا رہتا ہے کہ تکیے پہ کہیں
ایک دستک ہے کہ آہٹ ہے کہ آہنگ سا ہے
ایک یہ دل ہے کہ ترتیب میں آتا ہی نہیں
ایک اظہار محبت ہے جو بے ڈھنگ سا ہے
اس کے سینے میں تمہارے لیے رخشندؔہ نوید
اک کدورت ہی نہیں اس میں بہت زنگ سا ہے

رخشندہ نوید

No comments:

Post a Comment