Monday, 26 December 2016

کتوں سے ڈر نہیں لگتا

کتوں سے ڈر نہیں لگتا

یہ جھوٹ نہیں ہے
مجھے کتوں سے تو ڈر نہیں لگتا 
لیکن باؤلے کتے بہرحال خطرناک ہوتے ہیں 
خاص طور پر، جب باؤلے کتے اپنی آنکھوں پر 
نفرت کا سیاہ چشمہ لگا لیں

پھر ان کا پاگل پن مزید بڑھ جاتا ہے 
ان کے منہ دہشت کے سبل بن جاتے ہیں 
وہ دشمنی کا خود کش جیکٹ پہنے 
اپنے غلیظ جبڑوں سے 
عداوت کا جھاگ اڑانے لگتے ہیں 
وہ بھونکتے ہیں گھر میں، گلی میں، شہر کے چوک پر 
تاکہ بریکنگ نیوز بن سکیں 
ان باؤلے کتوں کو اس وقت تک چین نہیں آتا 
جب تک اِدھر اُدھر کے باؤلے کتے 
ان کے اس ہذیان میں شریک نہ ہو جائیں 
جیسے جیسے ان باؤلے کتوں کی ہزیمت آمیز وحشت بڑھتی ہے
لوگ ان باؤلے کتوں سے کترانے لگتے ہیں 
اور یہ ہر آنے جانے والے پر مزید بھونکتے ہیں
اس جہل اور بزدلی کو اپنی فتح سمجھ بیٹھتے ہیں
کیا یہ باؤلے کتے کسی رحم اور ہمدردی کے مستحق ہیں
اس کا فیصلہ تو باؤلے کتوں کے شکاری ہی کریں گے 
عزت اور شہرت کے، متلاشی یہ باؤلے کتے 
دوسروں پر بھونکتے بھونکتے 
جلد ہی ایک دوسرے کو کاٹ کھائیں گے 
اس بیچ ، میں اور آپ 
اتنا ہی کر سکتے ہیں 
ان باؤلے کتوں کے تماشے سے لطف لیں 
لیکن ہاتھ میں اپنا عصا بھی رکھیں

خالد معین

No comments:

Post a Comment