Tuesday, 22 September 2020

ہلتی ہے زلف جنبش گردن کے ساتھ ساتھ

 ہلتی ہے زلف جنبش گردن کے ساتھ ساتھ

ناگن بھی ہے لگی ہوئی رہزن کے ساتھ ساتھ

کس کی کدورتوں سے یہ مٹی خراب ہے

کس کا غبار ہے تِرے دامن کے ساتھ ساتھ

اٹھا تھا منہ چھپائے ہوئے میں ہی صبح کو

جاتا تھا میں ہی رات کو دشمن کے ساتھ ساتھ

کوچے میں اس صنم کے خدائی کا لطف ہے

ناحق پھرا میں شیخ و برہمن کے ساتھ ساتھ

دل کی تپش نے خاک اڑائی یہ بعد مرگ

لاشہ پھرا کیا مِرا مدفن کے ساتھ ساتھ

اللہ اپنے رشک کا درجہ بھی اب نہیں

کس کس جگہ گیا بت پر فن کے ساتھ ساتھ

جھونکا قفس میں آیا جو باد بہار کا

پہلو سے دل نکل چلا سن سن کے ساتھ ساتھ

اشکوں کے ساتھ ساتھ تو موجیں غموں کی ہیں

آنکھوں کے شعلے ہیں مِرے شیون کے ساتھ ساتھ

جس راہ سے گزرتے ہیں وہ، مجھ سے سیکڑوں

ہو لیتے ہیں جنوں زدہ بن بن کے ساتھ ساتھ

زنجیر میرے پاؤں کے پیچھے پڑی ہے یوں

پھرتا ہے رشتہ جس طرح سوزن کے ساتھ ساتھ

کب تک کسی کو کھولیں کسی کو کریں وہ بند

پھرتی ہے یاں نگاہ تو روزن کے ساتھ ساتھ

یوں ساتھ روح کے ہے تن زار اب نظام

پھرتا ہے جیسے سایہ مِرا تن کے ساتھ ساتھ


نظام رامپوری

No comments:

Post a Comment