Tuesday 30 March 2021

کبھی راجہ تو کبھی راج دلارے بچے

کبھی راجہ تو کبھی راج دُلارے بچے 

ماؤں کے واسطے پُر نُور ستارے بچے

دوڑتے بھُوک کی گلیوں میں ہیں ننگے پاؤں

ہائے بے رحمئ حالات کے مارے بچے 

میرے بچوں کے مقدر میں غلامی کیوں ہے

حکمرانی ہی کریں کیوں یہ تمہارے بچے 

صبر انہیں گھول کے گھُٹی میں پِلایا گیا ہے 

بھُوک میں ماں کو بُلاتے نہیں پیارے بچے 

عین ممکن ہے کہ ہر ماں بھی یہی سوچتی ہو 

مجھ کو شامیر سے لگتے ہیں یہ سارے بچے 

سب درختوں کے مقدر میں نہیں پھَل عظمٰی

سب کے آنگن میں کہاں رب نے اُتارے بچے‎


عظمٰی شاہ

No comments:

Post a Comment