Wednesday, 31 March 2021

اک عشق ہے کہ جس کی گلی جا رہا ہوں میں

 اک عشق ہے کہ جس کی گلی جا رہا ہوں میں

اور دل کی دھڑکنوں سے بھی گھبرا رہا ہوں میں

کر دے گا وہ معاف مِرے ہر گناہ کو

یہ سوچ کر گناہ کئے جا رہا ہوں میں

چھوڑا کہیں کا مجھ کو نہ دنیا کے درد نے

پھر بھی تِرا کرم کہ جئے جا رہا ہوں میں

راہِ وفا میں مِٹ گئے جب فاصلے سبھی

پھر کیوں نگاہِ یار سے شرما رہا ہوں میں

پھر ہو رہی ہیں پیار کی سب حسرتیں جواں

پھر دل اسی کی یاد سے بہلا رہا ہوں میں

اک دن چُکا ہی دوں گا زمانے کا بھی حساب

کچھ بات ہے جو ضبط کئے جا رہا ہوں میں

الفت کی راہ پر تجھے مِل جائے گا خدا

اس بے قرار دل کو یہ سمجھا رہا ہوں میں

وہ شوخ اک نگاہ میں سب صاف کہہ گیا

مدت سے جس کو کہنے سے کترا رہا ہوں میں

عازم یقیں نہیں اسے کیوں میری بات پر

کیا کم ہے یہ کہ اس کی قسم کھا رہا ہوں میں


عازم کوہلی

No comments:

Post a Comment