Wednesday, 31 March 2021

دل کہہ رہا ہے ان کی نظر دیکھتے ہوئے

 دل کہہ رہا ہے ان کی نظر دیکھتے ہوئے

دیکھیں گے کیا اِدھر وہ اُدھر دیکھتے ہوئے

اُمید تھی کسے کہ گُزر جائیں گے یہ دن

دل پر وفُورِ غم کا اثر دیکھتے ہوئے

اپنا تو حال یہ ہے کہ اک عُمر کٹ گئی

دُنیائے دل کو زیر و زبر دیکھتے ہوئے

ہوتا ہے آپ پر بھی اثر کوئی یا نہیں

یہ انقلابِ شام و سحر دیکھتے ہوئے

کچھ اس طرف سے نامہ و پیغام ہی سہی

مُدت ہوئی ہے جانبِ در دیکھتے ہوئے

بے داد کیجئے، ستم ایجاد کیجئے

لیکن کسی کا قلب و جگر دیکھتے ہوئے

حیرت سے اختلاف کسی کا عجب نہیں

حیرت کا منتہائے نظر دیکھتے ہوئے


حیرت شملوی

No comments:

Post a Comment