Tuesday 25 January 2022

میری بیاض شعر پہ وہ نام لکھ گیا

 میری بیاض شعر پہ وہ نام لِکھ گیا

اک خواب اور ایک حسیں شام لکھ گیا

دل اس کو ڈھونڈھتا ہے اسی کی تلاش ہے

چپکے سے اک دعا جو مِرے نام لکھ گیا

پھر اس سے کب ہو میری ملاقات دیکھیۓ

آغاز ہی میں جو مِرا انجام لکھ گیا

جلتی زمیں پہ میں ہی کھڑا تھا کوئی نہ تھا

جھونکا ہوا کا آیا تو سو نام لکھ گیا

خوشبو تھا وہ کہ ایک نئی رُت نیا سماں

چپکے سے میرے نام جو یہ شام لکھ گیا

وہ مجھ سے چھین کر مِری بینائیاں تمام

پتھر کا کیسا شہر مِرے نام لکھ گیا

خود اپنی آگ ہی میں جلا ہوں مگر رئیس

سب کے لیے مہکتی ہوئی شام لکھ گیا


احمد رئیس

No comments:

Post a Comment