Saturday, 23 April 2022

مخملی خواب کا آنکھوں میں نہ منظر پھیلا

 مخملی خواب کا آنکھوں میں نہ منظر پھیلا

زہر ہی زہر مِرے جسم کے اندر پھیلا

سبز موسم میں بھی ہو جس کی شباہت پیلی

اس چمن میں کہیں شعلے کہیں پتھر پھیلا

خوفناکی اثر انداز ہوا کرتی ہے

اس کو اخبار کی مانند نہ گھر گھر پھیلا

ہو یہ ممکن تو مِرے جسم کے اندر بھی اتر

ریزہ ریزہ مجھے ہر سمت برابر پھیلا

اختراعات کے باعث ہی جہاں میں اب تک

نئے احساس کا بے پایاں سمندر پھیلا

وجہ تکلیف نہ بن جائے خلا کی خواہش

اب اڑانوں کے لیے پر نہ کبوتر پھیلا

لاکھ سورج کی عنایات رہیں میرے ساتھ

میرا سایہ نہ مِرے قد کے برابر پھیلا


انور مینائی

No comments:

Post a Comment