Tuesday 26 April 2022

زمیں کو خوف نہیں آگ سے نہ پانی سے

 زمیں کو خوف نہیں آگ سے نہ پانی سے

یہی سلوک ہے اپنا بھی زندگانی سے

میں اس کے دل سے نکالی ہوئی ہوں، مجھ سے پوچھ

بڑا نہیں ہے کوئی دکھ بھی لا مکانی سے

میں جانتی تھی پرندے ہیں اڑ ہی جائیں گے

کبھی ڈری نہیں خوابوں کی رائیگانی سے

یہ لڑکی آپ کی یادوں سے لڑ نہیں سکتی

یہ لڑکی آج بھی ڈرتی ہے بدزبانی سے

بچھڑتے وقت بھی اس کو گلے لگایا ہے

میں ہنستے ہنستے نکل آئی ہوں کہانی سے

مجھے سکون ملے گا اداس ہونے پر

میں تھک چکی ہوں محبت کی مہربانی سے

یہ اشک، درد، یہ وحشت، یہ بے دلی اقراء

میں کتنے درد کماؤں گی اک نشانی سے


اقراء عافیہ

No comments:

Post a Comment