Saturday 23 April 2022

یکایک مجھے یوں ترا دھیان اپنی طرف کھینچتا ہے

 یکایک مجھے یوں تِرا دھیان اپنی طرف کھینچتا ہے

کہ جیسے پجاری کو بھگوان اپنی طرف کھینچتا ہے

میں جتنی بھی تدبیریں کرلوں مِرے ہاتھ رہتے ہیں خالی

مجھے میرے حصے کا نقصان اپنی طرف کھینچتا ہے

تو کیا طے شدہ ہے دوبارہ کسی سے مجھے پیار ہو گا

سنا  ہے کہ مجرم کو زندان اپنی طرف کھینچتا ہے

وگرنہ، مجھے میرے دل کا دھڑکنا سنائی نہ دیتا 

کوئی اس میں ہے جو مِرے کان اپنی طرف کھینچتا ہے

مِرا بھیگی مٹی سے اٹھتی مہک پر بہکنا بجا ہے 

کہ مٹی کو مٹی کا میلان اپنی طرف کھینچتا ہے 

کہاں توبہ کرتے ہیں فوراً ہم ایسے گنہگار خصلت

بھٹکتے ہیں تب جا کے ایمان اپنی طرف کھینچتا ہے

سنا تھا مگر، بات کر کے، مکمل یقیں آ گیا ہے 

وہ ساحر تو باتوں کے دوران اپنی طرف کھینچتا ہے


نثار محمود تاثیر

No comments:

Post a Comment