Wednesday, 27 April 2022

نظر میں آتا ہوں پھر دل کے پار ہوتا ہوں

 نظر میں آتا ہوں پھر دل کے پار ہوتا ہوں

میں ایک عمر کے بعد آشکار ہوتا ہوں

زیادہ ہوتے نہیں میرے ماننے والے

میں سچ کی طرح یہاں اختیار ہوتا ہوں

مِرے لیے تِرے کون و مکان کیا شے ہیں

میں ایک جست میں ان سب کے پار ہوتا ہوں

مجھے بھی اپنی رفاقت میں رکھ جمالِ یار

میں عشق ہوں تِرا خدمت گزار ہوتا ہوں

مجھے بھی آئینے جیسا کمال حاصل ہے

میں ٹوٹتا ہوں تو پھر بے شمار ہوتا ہوں

یہاں ہزار مِرا بوجھ ڈھونے والے مگر

میں صرف اپنے ہی سر پر سوار ہوتا ہوں

مِری دھمک سے زمان و مکاں لرزتے ہیں

میں ایک رقص ہوں دیوانہ وار ہوتا ہوں

مِرے حضور ہی ہوتی ہے حاضری میری

میں اپنے سامنے منت گزار ہوتا ہوں

مِرے عدو مجھے مسمار کر نہیں سکتے

میں اپنے ہاتھ سے اپنا شکار ہوتا ہوں

مِرے چہار سو لاشیں پڑیں ہیں اور شہزاد

کمال یہ ہے میں زندہ شمار ہوتا ہوں


قمر رضا شہزاد

No comments:

Post a Comment