Friday, 29 September 2023

خود اپنے جذب محبت کی انتہا ہوں میں

 خود اپنے جذبِ محبت کی انتہا ہوں میں

تِرے جمال کی تصویر بن گیا ہوں میں

حدیثِ عشق ہوں، افسانۂ وفا ہوں میں

بُھلا سکے نہ جسے تم وہ ماجرا ہوں میں

مِری سرشت ہے ہنس ہنس کے زخم غم کھانا

کہ حادثات میں پَل کر جواں ہوا ہوں میں

انہیں یقیں نہیں میرے خلوص الفت کا

وفا کا اپنی یہ انعام پا رہا ہوں میں

حمید جس نے مٹایا ہے بار بار مجھے

اسی فریبِ محبت میں مبتلا ہوں میں


حمید ناگپوری

No comments:

Post a Comment